ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لکھیم پور کھیری کا معاملہ! بہن کی لاش کو بھائی اپنے کندھے پراٹھاکر گھر لے گئے

لکھیم پور کھیری کا معاملہ! بہن کی لاش کو بھائی اپنے کندھے پراٹھاکر گھر لے گئے

Sat, 13 Jul 2024 17:43:51    S.O. News Service

لکھیم پورکھیری ، 13/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) لکھیم پورکھیری سے ایک افسوسناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق میلانی تھانے کے ایلن گنج مہاراج نگرکے دو بھائی، اپنی بہن کی لاش اسپتال سے کندھے پر لاد کر لائے۔ شیوانی نامی لڑکی کوایک ہفتہ قبل ٹائیفائیڈ ہوگیا تھا، علاج کیلئے اسے پلیا کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ جہاں اس نے مرض کی شدت کے سبب جمعرات کو دم توڑ دیا۔ لڑکی کی لاش گھر لے جانے کیلئے کوئی انتظام نہ ہونے اور سیلابی صورتحال کے سبب لڑکی کے بھائیوں نے اتریا کراسنگ تک لاش ایک گاڑی کی مدد سے پہنچائی اورپھر  ناؤ سے ندی پار کی۔ اس کے بعد اپنے کندھے پر لاش کو اٹھاکر ۵؍کلومیٹر تک پیدل چلے۔ اس معاملے میں ایس ڈی ایم کارتیکیہ سنگھ نے بتایا کہ ’’معاملے کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعہ ملی ہے، متوفی کے گھر والوں نے پولیس یا انتظامیہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی مدد مانگی، اگر پتہ چلتا تو انتظامی سطح پر مدد ضرورفراہم کی جاتی۔باڑھ کے سبب اس طرح کی صورتحال کا سامنا  کرنا پڑتا ہے۔‘‘اس افسوسناک معاملے پر اکھلیش یادو نے  ایکس پرلکھا کہ ’’یوپی کے لکھیم پور سے ایک دکھ بھری خبر ملی ہے کہ باڑھ کے سبب صحیح وقت پر اسپتال نہ پہنچ پانے سے ایک لڑکی کی موت ہوگئی۔ لاچار بھائی نے اپنی بہن کو کندھے پر لادکر اسپتال لے جانے کی کوشش کی، لیکن راستے میں ہی بہن کی موت ہوگئی۔ سرکار سے امید ہے کہ وہ باڑھ کے حالات میں میڈیکل ایمرجنسی نظام کیلئے اضافی انتظامات کرے گی۔‘‘ اس پوسٹ میں اکھلیش نے آخر میں لکھا کہ’’ یاد رکھئے غریب کی زندگی کا بھی مول ہوتا ہے۔‘‘


Share: